حیدرآباد، 30 جون (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) جے شری رام اور وندے ماترم کے بہانے اے آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی نے ایک بار پھر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر حملہ بولا ہے۔اویسی نے کہا کہ جے شری رام اور وندے ماترم نہیں بولنے کی وجہ سے لوگوں کو پیٹا جا رہا ہے۔یہی نہیں انہوں نے یہاں تک کہا کہ اسے لے کر صرف دلت اور مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اویسی نے الزام لگایا کہ ان واقعات کے پیچھے جو بھی تنظیمیں ہیں ان کا تعلق سنگھ پریوار (آر ایس ایس) سے ہے۔بتا دیں کہ گزشتہ دنوں جھارکھنڈ کے جمشید پور میں بھیڑ کی طرف سے ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کے معاملے کو لے کر بھی اویسی نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر نشانہ لگایا تھا۔اس دوران اویسی نے الزام لگایا تھا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے معاشرے میں ایسا ماحول بنا دیا ہے،جس سے مسلم دہشت گرد، ملک مخالف یا پھر گوکشی کرنے والے کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔اب وندے ماترم اور جے شری رام نعروں کے بہانے اویسی نے آر ایس ایس پر حملہ بولا ہے۔اویسی نے کہاکہ جے شری رام اور وندے ماترم کے نعرے نہیں لگانے والوں کو مارا پیٹا جا رہا ہے،یہ واقعات کم نہیں ہو رہے ہیں،صرف مسلم اور دلتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،اس کے پیچھے جو بھی تنظیمیں ہیں، ان کا تعلق سنگھ پریوار سے ہے۔ بتا دیں کہ جھارکھنڈ کے جمشید پور میں 24 سال کے نوجوان تبریز انصاری عرف سونو کو چوری کے شک میں بھیڑ نے پیٹ پیٹ کر ادھ مرا کر دیا تھا۔اس سے جبرا جے شری رام اور جے ہنومان بھی بلوایا گیا،بعد میں اس کی موت ہو گئی تھی۔اسے لے کر اویسی نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر شدید حملہ بولا۔